01
The questionSawaal
اصل سوالبیک وقت کئی جنازے کی نماز پڑھنے کا حکم از مولانا کمال احمد علیمی
02
The responseAl-Jawab
بیک وقت کئی جنازے کی نماز پڑھنے کا حکم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ چند جنازے یکجا موجود ہوں جن میں نابالغ بچہ بچی، اورجوان، بوڑھے مرد وعورت سب ہوں تو ایک ساتھ نماز جنازہ پڑھنے کی صورت میں کون سی ”دعائے میت“ پڑھی جائے گی۔ بالغ کی یا نابالغ کی یا کوئی اور دعا؟ المستفتی: محمد عثمان علیمیؔ سمری خانکوٹ سدھارتھ نگر الجواب بعون اللہ الوھاب چند جنازے یکجا موجود ہوں جن میں نابالغ بچہ بچی، اورجوان، بوڑھے مرد وعورت سب ہوں تو بہتر ہے کہ سب کی نماز جنازہ الگ الگ پڑھیں. درمختار میں ہے: “واذا اجتمعت الجنائز فافراد الصلاۃعلی کل واحدۃ اولی من الجمع” ( درمختار مع ردالمحتار ٣/ ١١٨) بہار شریعت میں ہے: ”کئی جنازے جمع ہو ں، تو ایک ساتھ سب کی نماز پڑھ سکتا ہے یعنی ایک ہی نماز میں سب کی نیت کر لے اورافضل یہ ہے کہ سب کی علیحدہ علیحدہ پڑھے اور اس صورت میں یعنی جب علیحدہ علیحدہ پڑھے، تو ان میں جو افضل ہے، اس کی پہلے پڑھے ،پھر اس کی جو اس کے بعد سب میں افضل ہےوعلی ھذالقیاس ۔“ (بہار شریعت ، ج1،ص839) اگر ایک ساتھ سب کی نماز پڑھی جائے تو پہلے بالغوں کی پھر نابالغوں کی دعا پڑھی جائے. حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے: ”اذاکان فیھم مکلفون وصغار والظاھر انہ یاتی بدعاء الصغار بعد دعاء المکلفین“ (حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح:١/ ٢٣٦ ) فتاوی رضویہ میں ہے : ”بالغوں کےساتھ نابالغوں کی نمازبھی ہوسکتی ہے ۔دونوں دعائیں(یعنی بالغ اور نابالغ والی) پڑھی جائیں ،پہلے بالغوں کی پھر نابالغوں کی ۔اور بہر حال اگر دقت نہ ہو تو ہر جنازے پر جدا نماز بہترہے۔“ (فتاویٰ رضویہ ٢٤/ ١٩٩-٢٠٠ ) فتاوی مصطفویہ میں ہے : ”چاہیں ایک ہی پڑھیں ،چاہیں علیحدہ علیحدہ کرکے ،ایک پڑھیں تو امام کے سامنے مرد کا جنازہ ہو پھر مرد کے بعد نابالغ لڑکے کا ،پھر عورت کا پھر نابالغہ لڑکی کا ،اگر ایک ہی نماز پڑھیں تو دعائے بالغین بہ نیت دعائے للبالغین پڑھ کر پھر نابالغوں کےلیے جو دعاہے وہ بہ نیت دعابرائے نابالغین پڑھیں ۔“ (فتاویٰ مصطفویہ:٢٩٠ ) بہار شریعت میں ہے: ”کئی جنازے جمع ہو ں تو ایک ساتھ سب کی نماز پڑھ سکتا ہے یعنی ایک ہی نماز میں سب کی نیت کر لے اورافضل یہ ہے کہ سب کی علیحدہ علیحدہ پڑھے اور اس صورت میں یعنی جب علیحدہ علیحدہ پڑھے تو ان میں جو افضل ہے اس کی پہلے پڑھے پھر اس کی جو اس کے بعد سب میں افضل ہےوعلی ھٰذالقیاس ۔“ (بہار شریعت ١/ ٨٣٩ ) واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب کتبہ : کمال احمد علیمی نظامی دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی ٢١ جمادی الآخرۃ ١٤٤٣ / ٢٥ جنوری ٢٠٢٢٢ الجواب صحیح محمد نظام الدین قادری مصباحی خادم درس و افتاء دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی
D
Answered and reviewed by
Darul Ifta Scholar
Scholar & reviewer
Was this answer useful? Save or share it for later.