01
The questionSawaal
اصل سوالپرانی قبر کی جگہ نئی قبر بنانا کیسا ہے ؟ از مفتی صدام حسین فیضی
02
The responseAl-Jawab
پرانی قبر کی جگہ نئی قبر بنانا کیسا ہے ؟
کیا فرماتے ہیں علماء کرام مسئلہ ذیل کے بارےمیں كہ تقریباً سو سال پرانا قبرستان جس میں قبریں زمین کے برابر ہوگئیں ہیں نشانات مٹ چکے ہیں ۔ کیا اب ان قبروں کی جگہ جدید قبریں بنائی جاسکتی ہیں؟ بینوا توجروا سائل:محمد فاروق خان ضلع پونچھ جموں وكشمير انڈیا. الجواب اللہم ھدایۃ الحق والصواب اگرضرورت شدیدہ نہ ہو تو پرانی قبروں کو کھود کر ان کی جگہ نئی قبریں نہیں بنائی جاسکتی ہیں کہ اس سے مسلمان میت کو تکلیف ہوتی ہے ۔ اور بلاوجہ شرعی مسلمان کو تکلیف دینا حرام ہے ۔ چنانچہ بیشتر احادیث میں ہے کہ قبر پر چلنے اس پر بیٹھنے سے میت کو تکلیف ہوتی ہے جیسا کہ حضرت عمارہ بن حزم رضی اللہ تعالی عنہ سےمروی ہے فرماتے ہیں : حضور اقدس ﷺ نے مجھے ایک قبر پر بیٹھے دیکھا فرمایا: یاصاحب القبر انزل من علی القبر لاتوذی صاحب القبر ولایوذیک.” (مجمع الزوائد ومنبع الفوائد ، کتاب الجنائز ، رقم 4321) یعنی اے قبر والے قبر سے اترجا نہ تو قبر والے کو اذیت دے نہ وہ تجھے تو جب قبر پر بیٹھنے سے مردے کوتکلیف ہوتی ہے تو اسے کھودنے سے بدرجہ اولی تکلیف ہوگی اور بلاوجہ شرعی مسلمان کوتکلیف دینا حرام ہے فتاوی رضویہ مترجم ج:24 ص:426 میں ہے: “مسلمان کو بغیر کسی شرعی وجہ کے تکلیف دینا قطعی حرام ہے اللہ تعالی نے فرمایا : “والذین یوذون المومنین والمومنٰت بغیر ما اکتسبوا فقد احتملوا بھتانا واثما مبینا(الاحزاب 33 : 58) ترجمہ: اور جو ایمان والے مردوں اور عورتوں کو بےکئے ستاتے ہیں انہوں نے بہتان اور کھلا گناہ اپنے سر لیا (کنزالایمان) فتاوی رضویہ مترجم ج:9 ص:440 میں خزانۃ الروایۃ سے ہے : “اذا صار المیت ترابا فی القبر یکرہ دفن غیرہ فی قبرہ لان الحرمۃ باقیۃ” انتھی. یعنی اگر قبر میں میت گل کر مٹی بھی ہوجائے جب بھی اس کی قبر میں غیر کو دفن کرنا مکروہ ہے اس لئے کہ اس کی حرمت باقی ہے لہذا صورت مستفسرہ میں اگر ضرورت شدیدہ نہ ہو تو پرانی قبر کو کھودنا حرام ہے لیکن اگر ضرورت ہوتو کھودنا جائز ہے کہ الضرورات تبیح المحظورات یعنی ضرورت کے وقت منع کردہ چیزیں بھی جائز ہوجاتی ہیں فتاوی رضویہ مترجم ج:9 ص:439 میں ہے: “بوقت ضرورت قبر کھودنا جائز ہے جبکہ اس کے بغیر دوسری جگہ میسر نہ ہو” انتهي واللہ تعالی اعلم بالصواب۔ کتبہ : گدائے حضوررئيس ملت محمد عرف صدام حسين احمدقادري میرانی فیضی
D
Answered and reviewed by
Darul Ifta Scholar
Scholar & reviewer
Was this answer useful? Save or share it for later.