Verified guidance Authentic Islamic guidance, thoughtfully organised for everyday life.
Verified Hanafi Fiqh

کیا دس رات کی تراویح میں ختمِ قرآن سننے کے بعد تراویح کا مطالبہ نہیں؟

کیا دس رات کی تراویح میں ختمِ قرآن سننے کے بعد تراویح کا مطالبہ نہیں؟
Reference 1657 September 18, 2025 10,363 views
اصل سوالکیا دس رات کی تراویح میں ختمِ قرآن سننے کے بعد تراویح کا مطالبہ نہیں؟

کیا دس رات کی تراویح میں ختمِ قرآن سننے کے بعد تراویح کا مطالبہ نہیں؟

کیا فرماتے علمائے دین ومفتیان شرعِ متین مسئلہ ذیل میں کہ ۔ اکثر جگہوں پر چھ دن کی یا دس دن کی تراویح پڑھائی جاتی ہے ۔ پھر لوگ اس تراویح کو پڑھنے کے بعد مطمئن ہوجاتے ہیں کہ میں نے مکمل قرآن سن لیا اب صرف پانچ وقت کی نماز ہی ضروری ہے ۔ تو کیا یہ چھ روزہ یا دس روزہ تراویح عندالشرع درست ہے ؟ مدلل ومفصل جواب عنایت فرمائیں ۔ فقط المستفتی ۔ جمال احمد صدیقی اشرفی شل پھاٹا ممبرا ۔ الجواب: فتاوی عالم گیری میں فتاوی قاضی خان کے حوالہ سے اکیسویں شب میں یا اس سے پہلے ختم قرآن پاک کو مکروہ لکھا ہے۔اصل عبارت یہ ہے: “يُكْرَهُ أَنْ يُعَجِّلَ خَتْمَ الْقُرْآنِ فِي لَيْلَةِ إحْدَى وَعِشْرِينَ أَوْ قَبْلَهَا وَحُكِيَ أَنَّ الْمَشَايِخَ- رَحِمَهُمْ اللَّهُ تَعَالَى- جَعَلُوا الْقُرْآنَ عَلَى خَمْسِمِائَةٍ وَأَرْبَعِينَ رُكُوعًا وَأَعْلَمُوا ذَلِكَ فِي الْمَصَاحِفِ حَتَّى يَحْصُلَ الْخَتْمُ فِي لَيْلَةِ السَّابِعِ وَالْعِشْرِينَ۔”۔ (فتاوی عالم گیری ج١ ص١١٨) لیکن ظاہر یہ ہے کہ اس مکروہ سے مراد مکروہ تنزیہی ہے۔کیوں کہ خود فتاوی عالم گیری میں عبارت مذکورہ بالا سے پہلے ہے: “ینبغی للامام اذا اراد الختم ان یختم فی لیلة السابع والعشرین، کذا فی المحیط” (ایضا) نیز علامہ شامی علیہ الرحمہ نے امام زیلعی علیہ الرحمہ کے حوالہ سے ستائیسویں شب میں ختم کو مستحب لکھا ہے۔تحریر فرماتے ہیں: “قَالَ الزَّيْلَعِيُّ: وَمِنْهُمْ مَنْ اسْتَحَبَّ الْخَتْمَ فِي لَيْلَةِ السَّابِعِ وَالْعِشْرِينَ رَجَاءَ أَنْ يَنَالُوا لَيْلَةَ الْقَدْرِ، لِأَنَّ الْأَخْبَارَ تَظَاهَرَتْ عَلَيْهَا۔” (رد المحتار، باب الوتر والنوافل۔ج٢ص ) لیکن بہر حال دس رات میں ہو یا ستائیس رات میں یہ امر نہایت ضروری ہے کہ تراویح میں بھی صحتِ قراءت کا لحاظ رہے رونہ نماز ہی نہ ہوگی۔ حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمہ نے اس امر ضروری پر سخت تنبیہ کے ساتھ اپنے دور کے حفاظ کی تیز خوانی پر سخت اظہارِ افسوس فرمایا ہے، تحریر فرماتے ہیں: “افسوس صد افسوس کہ اس زمانہ میں حفاظ کی حالت نہایت ناگفتہ بہ ہے، اکثر تو ایسا پڑھتے ہیں کہ یَعْلَمُوْنَ تَعْلَمُوْنَ کے سوا کچھ پتہ نہیں چلتا، الفاظ و حروف کھا جایا کرتے ہیں ، جو اچھا پڑھنے والے کہے جاتے ہیں، اُنھیں دیکھیے تو حروف صحیح نہیں ادا کرتے: ہمزہ، الف، عین اور ذ، ز، ظ اور ث، س، ص، ت ، ط وغیرہا حروف میں تفرقہ نہیں کرتے جس سے قطعاً نماز ہی نہیں ہوتی ۔فقیر کو انھیں مصیبتوں کی وجہ سے تین سال ختم قرآن مجید سننا نہ ملا۔ مولا عزوجل مسلمان بھائیوں کو توفیق دے کہ مَا اَنْزَلَ اللہ پڑھنے کی کوشش کریں۔” (بہار شریعت ح۴ص٦٩٦، ٦٩٧) اور قول صحیح کے مطابق یہ خیال درست نہیں ہے کہ چھ یا دس رات کی تراویح میں ختمِ قرآن حکیم سن لینے سے اب تراویح کا مطالبہ باقی نہ رہا، کیوں کہ یہاں دو موکدہ سنتیں ہیں: (١) رمضان المبارک کی ہر رات میں بیس رکعت تراویح پڑھنا۔ (٢) تراویح کی نماز میں ختم قرآن حکیم پڑھنا یا سننا۔ اب اگر کسی نے ختم قرآن مقدس کی سنت دس رات یا اس سے کم تراویح میں ادا کرلی تو اس سے وہ دوسری سنت موکدہ یعنی: رمضان المبارک کی ہر رات میں بیس رکعت تراویح کے مطالبہ سے بری الذمہ نہ ہوجائےگا۔ امام اہل سنت اعلی حضرت امام احمد رضا قدس سرہ العزیز تحریر فرماتے ہیں: ” تراویح میں پورا کلام ﷲ شریف پڑھنا اور سننا مؤکدہ ہے اور صحیح یہ ہے کہ بعد کلام مبارک بھی تمام لیالی شہر مبارک میں بیس۲۰رکعت تراویح پڑھنا سنت مؤکدہ ہے۔” (فتاوی رضویہ ج ٣ص۴٧٦ ) حضور صدر الشریعہ علامہ مفتی محمد امجد علی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں: “تراویح میں ایک بار قرآن مجید ختم کرنا سنت مؤ کدہ ہے۔” (بہار شریعت ح ۴ ص ٦٩۴) نیز تحریر فرماتے ہیں: “اگر ایک ختم کرنا ہو تو بہتر یہ ہے کہ ستائیسویں شب میں ختم ہو، پھر اگر اس رات میں یا اس کے پہلے ختم ہو،تو تراویح آخر رمضان تک برابر پڑھتے رہیں کہ سنت ہیں۔” (بہار شریعت ج۴ص٦٩۵) واللہ سبحانہ و تعالی اعلم کتبہ: محمد نظام الدین قادری، خادم درس و افتاء دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی، بستی۔ یوپی۔یکم رمضان المبارک ١۴۴٣ھ//٢/اپریل ٢٠٢٢ء

D
Answered and reviewed by Darul Ifta Scholar Scholar & reviewer
Was this answer useful? Save or share it for later.

Important note: Published answers provide general guidance based on the details supplied. A materially different situation may require a new, private question.