01
The questionSawaal
اصل سوالشب معراج میں دیدار اورشرف ہم کلامی از کتاب معراج حبیب ﷺ
02
The responseAl-Jawab
شب معراج میں دیدار اورشرف ہم کلامی از کتاب معراج حبیب ﷺ
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اس مقام پر لے جایاگیا،جہاں آپ نے تقدیر کے سلسلے میں قلموں کے چلنے کی آواز سماعت فرمائی۔ آپ نے نورِ عرش میں ایک شخص کو چھپا ہوا پایا۔ دریافت فرمایا کیا یہ فرشتہ ہے؟ بتایا گیا کہ نہیں۔ پوچھا گیا وہ نبی ہیں؟ جواب ملا کہ نہیں ،پھر کون ہے؟ بتایا گیا کہ یہ وہ شخص ہے کہ دنیامیں اس کی زبان ذکرِ الٰہی سے تر رہتی تھی، اس کا دل مسجدوں میں لگا رہتا تھا اور کبھی ایسا کام نہ کیا جس کی وجہ سے اس کے ماں باپ کو برا بھلا کہا جائے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم رب سبحانہ وتعالیٰ کے دیدار سے مشرف ہوئے، آپ سجدے میں چلے گئے، آپ کو اس وقت رب سے ہم کلامی کا شرف بھی حاصل ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اے محمد! (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم)آپ نے عرض کیا حاضر ہوں اے میرے رب! رب نے ارشاد فرمایا: مانگو۔حضور نے عرض کیا: بے شک تو نے حضرت ابراہیم کو اپنا خلیل بنایا، انہیں عظیم بادشاہت عطا فرمائی، موسیٰ علیہ السلام سے کلام فرمایا، حضرت داؤد علیہ السلام کو ملکِ عظیم عنایت فرمایا، ان کے لیے لوہے کو نرم فرمایا، ان کے لیے پہاڑوں کو مسخر کیا، تو نے حضرت سلیمان علیہ السلام کو عظیم سلطنت عطا فرمائی، ان کے لیے جن وانس اور شیاطین کو مسخر فرمادیا،اوران کے لیے ہواؤں کو مسخر فرمایا، تو نے انہیں ایسی بادشاہت عطا فرمائی کہ ویسی بادشاہت ان کے بعد کسی کو نہ ملے گی، تو نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو توریت وانجیل سکھائی اور تو نے انہیں اپنے حکم سے مادر زاد اندھوں اور کوڑھیوں کو شفا دینے والا اور مردوں کو زندہ کردینے والا بنایا، تو نے ان کی اور ان کی والدہ کو شیطان مردود سے محفوظ رکھا جس کی وجہ سے شیطان ان پر قابو نہیں پاتا۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا: میں نے آپ کو حبیب بنایا ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ توریت میں لکھا ہوا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حبیب ا للہ ہیں اور میں نے آپ کو تمام لوگوں کے لیے بشیر ونذیر بنایا۔ میں نے آپ کے لیے آپ کا سینہ کھول دیا، آپ سے آپ کا بوجھ اُتار دیا۔ میں نے آپ کا ذکر بلند کیا، جہاں میرا ذکر ہوگا وہاں آپ کا ذکر ہوگا ۔ میں نے آپ کی اُمت کو تمام امتوں سے افضل کیا، میں نے اولین وآخرین کو آپ کی اُمت سے بنایا، آپ کی اُمت کا خطبہ اس وقت تک درست نہ ہوگا جب تک آپ کی عبدیت اوررسالت کی گواہی نہ دے لیں۔میں نے آپ کی اُمت میں ایسے افراد بنائے جن کے سینوں میں قرآن محفوظ ہوگا۔ میں نے آپ کو تمام نبیوں سے پہلے پیدا کیا اور سب سے آخر میں مبعوث کیا، میں نے آپ کو سبع مثانی عطا فرمایا، آپ سے پہلے کسی نبی کو عطا نہیں کیا، میں نے زیر عرش کے خزانے سے سورۂ بقرہ کی آخری آیتیں عطا فرمائیں جوکسی اور نبی کونہ دی گئیں،میں نے آپ کوکوثر عطافرمایا،میں نے آپ کو آٹھ حصے عطاکیے وہ یہ ہیں، اسلام، ہجرت، جہاد، صدقہ، رمضان کے روزے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر۔اور جس دن میں نے آسمانوں اور زمینوں کی تخلیق فرمائی ، آپ پر اور آپ کی اُمت پر پچاس نمازیں فرض فرمائیں، لہٰذا آپ اور آپ کی اُمت اسے ادا کرے۔ معراج حبیب ﷺ پوری کتاب کا مطالعہ کریں
D
Answered and reviewed by
Darul Ifta Scholar
Scholar & reviewer
Was this answer useful? Save or share it for later.