Verified guidance Authentic Islamic guidance, thoughtfully organised for everyday life.
Verified Hanafi Fiqh

خدا حافظ یا اللہ حافظ کہنا کیسا ہے؟ از مفتی محمد رضا مرکزی

خدا حافظ یا اللہ حافظ کہنا کیسا ہے؟ از مفتی محمد رضا مرکزی
Reference 442 September 18, 2025 9,525 views
اصل سوالخدا حافظ یا اللہ حافظ کہنا کیسا ہے؟ از مفتی محمد رضا مرکزی

خدا حافظ یا اللہ حافظ کہنا کیسا ہے؟

السلام علیکم محترم

ایک سوال ہے کہ خدا حافظ یا اللہ حافظ کہنا کیسا ہے۔جبکہ مسلمانوں کو سلام کرنے کی سنت پر عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔مگر آج بہت سے مسلمان رخصت کرتے وقت یا فون پر بات کرکے الوداع کہنے پر خدا حافظ کہتے ہیں۔

رہنمائی فرمائیں۔؟؟؟

سائل: انصاری عبدالاحد

اسلامپورہ۔دھولیہ

اَلْجَوَابُ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

ملاقات کرکے جاتے وقت بھی سلام کرنا سنّت ہے، حدیثِ پاک میں اسی کی ترغیب ہے، البتہ سلام کرنے کے ساتھ ہی خدا حافظ بھی کہہ دیا تو حرج نہیں ہے کہ یہ دعائیہ جملہ ہے اور رخصت کرتے وقت دعا دینا نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم سے ثابت ہے ۔

حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے:”کان النبی صلَّی اللہ علیہ وسلَّم اذا ودع رجلا اخذ بیدہ فلا یدعھا حتی یکون الرجل ھو یدع ید النبی صلَّی اللہ علیہ وسلَّم ویقول استودع اللہ دینک وامانتک وآخر عملک“ ترجمہ: نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم جب کسی کو رخصت فرماتے تو اس کا ہاتھ پکڑ کر اس وقت تک نہ چھوڑتے جب تک وہ خود ہاتھ پیچھے نہ کرتا، اور فرماتے: میں تمہارا دین، امانت اور آخری عمل، اللہ پاک کے سپرد کرتا ہوں ۔

(مشکاۃ المصابیح،ج1،ص455،حدیث:2435)

 البتہ سلام کے بجائے صرف خدا حافظ کہنے پر اکتفا نہ کیا جائےکہ رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم نے وقت رخصت بھی سلام کرنے کی ترغیب دلائی ہے۔ چنانچہ نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:”اذا انتھی احدکم الی مجلس فلیسلم فان بدا لہ ان یجلس فلیجلس ثم اذا قام فلیسلم فلیست الاولی باحق من الاٰخرۃ“ ترجمہ:جب تم میں سے کوئی کسی مجلس کے پاس پہنچے تو انہیں سلام کرے پھر وہاں بیٹھنا ہو تو بیٹھ جائے، جب جانے لگے تو دوبارہ سلام کرے کہ پہلی مرتبہ کا سلام، آخری مرتبہ کے سلام سے بہتر نہیں۔ (یعنی دونوں مواقع پر سلام کرنے کی اپنی اپنی اہمیت ہے )

(ترمذی ،ج4،ص324،حدیث:2715)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالی علیہ وسلم ۔

مفتی محمدرضا مرکزی

کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ

خادم التدریس والافتا

الجامعۃ القادریہ نجم العلوم مالیگاؤں

D
Answered and reviewed by Darul Ifta Scholar Scholar & reviewer
Was this answer useful? Save or share it for later.

Important note: Published answers provide general guidance based on the details supplied. A materially different situation may require a new, private question.