صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمْ

Masail World Portal

Masail World Darul Ifta
Home Fatawa Archive Fatawa Categories Topic Directory Research Articles Islamic Books About Us
Ask Question Online

Darul Ifta Ahl-e-Sunnat Portal

Fatwa #1899 تصدیق شدہ فتویٰ (Verified)
Reader Font:

واشنگ مشین میں کپڑے پاک کرنے کا طریقہ / نل کے نیچے کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

Questioner: Darul Ifta / Scholar: Verified Hanafi Fiqh Date: September 18, 2025
0 9,726

سوال (Question):

واشنگ مشین میں کپڑے پاک کرنے کا طریقہ / نل کے نیچے کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ

الجواب و الشرعی حکم (Fatwa Answer):

واشنگ مشین میں کپڑے پاک کرنے کا طریقہ / نل کے نیچے کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

سوال : واشنگ مشین میں ناپاک کپڑا پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ اور کوئی آسان طریقہ بھی ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کا بیان کر دیں مہربانی ہوگی؟ سائل : محمد عادل رضا ممبی محمد ذہیب رضا کوکن الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب اگر بالٹی یا کپڑے دھونے کی مشین میں پاک کپڑوں کے ساتھ ایک بھی ناپاک کپڑا پانی کے اندر ڈال دیا تو سارے ہی کپڑے ناپاک ہو جائیں گے اور بِلاضَرورتِ شَرعِیَّہ ایسا کرناجائز نہیں ہے ۔ چُنانچِہ اعلیٰ حضرت، امام اَحمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ فتاوٰی رضویہ ( مُخَرَّجہ)جلد اوّل صَفْحَہ792 پر فرماتے ہیں : بِلا ضَرورت پاک شے کو ناپاک کرنا ناجائز و گناہ ہے ۔ ‘‘ جلد 4( مُخَرَّجہ) صَفْحَہ585 پر فرماتے ہیں : ’’ جسم و لباس بِلاضَرورتِ شَرعِیَّہ ناپاک کرنااور یہ حرام ہے ۔ ’’ اَلْبَحْرُالرَّائِق ‘‘ میں ہے : پاک چیز کو ناپاک کرنا حرام ہے ۔ ‘‘ ( البحرالرائق ، ج۱ ص ۱۷۰) لہذا ضروری ہے کہ پاک و ناپاک کپڑے جُداجُدا دھوئیں ۔ اگر ساتھ ہی دھوناہے تو ناپاک کپڑے کا نَجاست والا حصّہ اِحتیاط کے ساتھ پہلے پاک کر لیجئے پھر بے شک دیگر مَیلے کپڑوں کے ہمراہ ایک ساتھ واشنگ مشین میں اس کو بھی دھولیجئے ۔

ناپاک کپڑے پاک کرنے کاآسان طریقہ

کپڑے پاک کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ بالٹی میں ناپاک کپڑے ڈال کر اُوپر سے نل کھولدیجئے ، کپڑوں کوہاتھ یا کسی سَلاخ وغیرہ سے اِس طرح ڈَبوئے رکھئے کہ کہیں سے کپڑے کا کوئی حِصہ پانی کے باہَر اُبھر اہوانہ رہے ۔ جب بالٹی کے اُوپرسے اُبل کر اتنا پانی بہ جائے کہ ظنِّ غالِب آ جائے کہ پانی نَجاست کو بہا کر لے گیا ہوگا تو اب وہ کپڑے اور بالٹی کا پانی نیز ہاتھ یا سلاخ کاجتنا حصّہ پانی کے اندر تھاسب پاک ہوگئے جبکہ کپڑے وغیرہ پرنَجاست کااثر باقی نہ ہو ۔ اِس عمل کے دَوران یہ احتیاط ضَروری ہے کہ پاک ہوجانے کے ظنِّ غالب سے قَبل ناپاک پانی کا ایک بھی چھینٹا آپ کے بدن یا کسی اور چیز پر نہ پڑے ۔ بالٹی یا برتن کا اوپر ی کَنارا یا اندرونی دیوار کا کوئی حصہ ناپاک پانی والا ہے اور زمین اتنی ہموار نہیں کہ بالٹی کے ہر طرف سے پانی ابھر کے نکلے اور مکمَّل کنارے وغیرہ دھل جائیں تو ایسی صورت میں کسی برتن کے ذَرِیعے یا جاری پانی کے نل کے نیچے ہاتھ رکھ کر اُس سے بالٹی وغیرہ کے چاروں طرف اِس طرح پانی بہایئے کہ کنارے اور بقیّہ اندرونی حصّے بھی دُھل کر پاک ہوجائیں مگریہ کام شروع ہی میں کر لیجئے کہیں پاک کپڑے دوبارہ ناپاک نہ کر بیٹھیں !

واشنگ مشین میں کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

واشنگ مشین میں کپڑے ڈالکر پہلے پانی بھر لیجئے اور کپڑوں کو ہاتھ وغیرہ سے پانی میں دبا کر رکھئے تا کہ کوئی حصّہ ابھرا ہوا نہ رہے ، اوپر کانل کھلا رکھئے اب نچلا سُوراخ بھی کھولدیجئے ، اِس طرح اوپر نل سے پانی آتا رہے گا اور نچلے سوراخ سے بہتا رہے گا جب ظنِّ غالب آ جائے کہ پانی نَجاست کو بہا لے گیا ہو گا تو کپڑے اور مشین کے اندر کا پانی پاک ہو جائے گا جبکہ نَجاست کا اثر کپڑوں وغیرہ پر باقی نہ ہو ۔ ضَرورتاً مشین کے اوپری کنارے وغیرہ مذکورہ طریقے پر شروع ہی میں دھو لینے چاہئیں..

نل کے نیچے کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

مذکورہ طریقے پر پاک کرنے کیلئے بالٹی یا برتن ہی ضَروری نہیں ، نل کے نیچے ہاتھ میں پکڑ کر بھی پاک کرسکتے ہیں ۔ مَثَلاً رومال ناپاک ہوگیا، توبیسَن میں نل کے نیچے رکھ کر اتنی دیر تک پانی بہائیے کہ ظنِّ غالِب آجائے کہ پانی نَجاست کو بہا کر لے گیا ہو گا تو پاک ہو جائے گا ۔ بڑا کپڑا یا اس کا ناپاک حصّہ بھی اسی طریقے پرپاک کیا جاسکتا ہے ۔ مگر یہ احتیاط ضَروری ہے کہ ناپاک پانی کے چھینٹے آپ کے کپڑے ، بدن اوراَطراف میں دیگر جگہوں پر نہ پڑیں. بشکریہ( کپڑا پاک کرنے کا طریقہ) وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالی علیہ وسلم کتبـــــہ : مفتی محمدرضا مرکزی خادم التدریس والافتاالجامعۃ القادریہ نجم العلوم مالیگاؤں

دارالافتاء اہل سنت (مسائل ورلڈ) تصدیق و تدوین: Verified Hanafi Fiqh